جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جنوبی کشمیر کے شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کے آپسی تال میل سے عسکری سرگرمیوں میں کافی کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں عوام نے راحت کی سانس لی ہے
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رہیں گے، تاکہ امن و امان قائم رہے۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کا تفصیلی دورہ کیا اور پولیس و دیگر فورسز افسران کے ساتھ ملاقات کی۔
میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل کمار گوئل نے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور آئی جی کشمیر وجے کمار کو شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے افسران پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں اور پولیس کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہو سکیں۔
وہیں پولیس سربراہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپسی تال میل سے عسکریت پسندوں کے منصوبے ناکام ہو رہے ہیں اور عسکری سرگرمیوں میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔
دلباغ سنگھ نے اننت ناگ میں 4 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا اور تمام سیکورٹی ایجنسیز کے کام کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ جموں و کشمیر پولیس میں تعینات اہلکاروں کے مسائل حل کرنے کی خاطر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔