محکمۂ موسمیات کے سربراہ Director MeT Sonam Lotus سونم لوٹس نے جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رواں سردی کی لہر کے چلتے گھروں میں کوئلے یا گیس پر چلنے والی بخاریوں کا استعمال کرتے وقت کمرے کی کھڑکیاں اور دروازے مکمل طور پر بند نہ رکھیں بلکہ کمرے سے تازہ ہوا آنے جانے کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کمرے میں جس قسم کی بھی بخاری استعمال ہورہی ہو اس میں ہوا کا اخراج لازمی ہونا چاہیے ورنہ دم گھٹنے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔
سونم لوٹس نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ خود کو یا کمرہ گرم رکھنے کے لیے کوئلہ یا گیس بخاری وغیرہ کا استعمال کرنے کے دوران ہوا کا اخراج لازمی ہے اور تازہ ہوا کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھلا رکھیں تاکہ بخاریوں سے دم گھٹنے کے حادثات سے انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں :
واضح رہے کہ ہفتے کی شام کو سالورہ گاندبل میں دم گھٹنے سے سینٹرل یونیورسٹی میں زیر تعلیم راجوری کی ایک طالبہ کی موت واقع ہوگئی جب کہ ایک کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ کمرے میں وینٹی لیشن نہ ہونے کی وجہ سے یہ دلدوز حادثہ پیش آیا۔