سرینگر (جموں کشمیر) : انڈور اسٹیڈیم، سرینگر میں ہفتے کو ’’کھیلو انڈیا پنچک سلاٹ خواتین لیگ‘‘ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے مہان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ دو روز تک جاری رہنے والی اس لیگ میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے الگ الگ زمرے کے تقریباََ 3 سو کھلاڑی حصے لے رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق قومی کھیل ہفتے کے تحت اس ’’خواتین پنچک سلاٹ لیگ‘‘ انعقاد عمل میں لیا گیا ہے۔ ایسے میں لیگ کے پہلے روز الگ الگ زمرے میں کئی مقابلے منعقد ہوئے۔ اور انڈور اسٹیڈیم میں ان مقابلوں کے دوران نہ صرف کھلاڑیوں کے والدین موجود تھے بلکہ شائقین کی بھی اچھی خاصی تعداد کھیل مقابلہ دیکھنے کے لئے آئی تھی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی، ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ ’’جموں وکشمیر میں لڑکیاں اب کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، تعلیم ہو یا صحت، فن ہو یا ٹیکنالوجی، ادب ہو یا کھیل کود، ہر ایک شعبہ میں یہاں کے ہونہار نوجوان نے اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ ایسے میں کھیل کے میدانوں میں جموں وکشمیر کے نوجوان خاص کر لڑکیاں کسی سے بھی کم نہیں۔ وہیں، قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھیل مقابلے یہاں کے کھلاڑیوں نے نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ ملک کا نام بھی روشن کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران وادی کشمیر کے نوجوانوں میں روایتی کھیلوں سے ہٹ کر دیگر کھیل مقابلوں میں بھی دلچسپی بڑھ رہی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ادھر، جموں وکشمیر اسپورٹس کونسل کے کوچ محمد اقبال نے کہا کہ ’’یہ لیگ نیشنل اسپورٹس ہفتے کے تحت منعقد کی گئی ہے اور اس میں نہ صرف سرینگر ضلع کے بلکہ جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ہونے والے مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں اور یہ شرکت اس بات کی غماز ہے کہ لڑکیاں بھی اب کھیلوں میں کافی دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: سرینگر: انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح
انہوں نے مزید کہا کہ پنچک سلاٹ ایک ایسی گیم جوکہ اب کافی مقبول ہو رہی ہے اور گزشتہ برس یہاں پنچک سلاٹ کی ایشین چیمپئن شپ بھی منعقد کی گئی ہے۔ اس کھیل کے ذریعے خواتین خود کے بچاؤ کے قابل بن جاتی ہیں جبکہ اس میں نوجوان اپنا مستقبل بھی بہتر طور سنوار سکتے ہیں۔