سرینگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھارت جوڑو یاترا پہنچی جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ سری نگر کے گھنٹہ گھر میں راہل گاندھی نے ترنگا لہرایا جس میں کانگریس کے ہزاروں کارکنان اور رہنما موجود تھے۔
یاترا کے دوران ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے کانگریس کے سینیئر رہنما سیف الدین کے بیٹے اور کانگریس کے ترجمان سلمان سوز سے بات کی، سلمان سوز نے کہا کہ جس طرح سے بھارت جوڑو یاترا کا وادی کشمیر میں خیر مقدم کیا گیا ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ کشمیر کے لوگوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ ہمارے ملک عزیز میں نفرت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا میں شامل لوگوں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ 'لوگوں کے دلوں میں کھٹن ہے اور وہ بدلاؤ چاہتے ہیں، لوگ بی جے پی حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں'۔
سلمان سوز نے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں، لداخ اور کشمیر کے لوگوں نے بھارت جوڑو یاترا کو امید سے سپورٹ کیا ہے۔ اور اس یاترا میں تین خطوں سے بے شمار لوگ شریک ہوئے ہیں۔ سلمان سوز نے کہا کہ لوگ اپنے حقوق کے لیے بغیر ڈر و خوف کے لڑیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج اختتام پزیر ہوگئی، یاترا سرینگر کے مضافات پانتھ چوک سے شروع ہوئی۔ یاترا میں راہل گاندھی کے ہمراہ کئی سینئر رہنما و کارکنان موجود تھے۔
جموں کشمیر انتظامیہ نے یاتر کی حفاظت کے لئے غیر معقول انتظامات کئے ہیں کیونکہ یہ پیدل یاترا سرینگر کے حساس علاقوں سے شروع ہوئی تھی۔ سرینگر انتظامیہ نے یاترا کے تحفظ کے لئے پانتھ چوک اور سنوار سے ٹریفک کی نقل و حرکت کو معطل کردیا تھا اور لوگوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ نوگام بائی پاس اور دیگر متبادل راستوں کا استعمال کریں
خیال رہے کہ سات ستمبر کو شروع ہونے والی یہ یاترا کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی اور بارہ ریاستوں سے گزر کر یہ سرینگر میں اختتام پزیر ہوئی۔ پیر یعنی 30 جنوری کو راہل گاندھی سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے جس میں ہزاروں کارکنان کی شرکت متوقع ہے۔
اس ریلی میں کانگرس کے علاوہ 23 دیگر سیاسی پارٹیوں کو مدعو کیا گیا ہے اور متوقع ہے کہ ان پارٹیوں کے رہنما اس ریلی میں شرکت کریں گے۔ گزشتہ روز کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے راہل گاندھی کے ساتھ اس یاترا میں حصہ لیا تھا۔
مزید پڑھیں: راہل گاندھی نے تاریخی گھنٹہ گھر لال چوک میں ترنگا لہرایا