بی جے پی کے قومی ترجمان و راجیہ سبھا ممبر سید ظفر اسلام نے کہا کہ ان کی جماعت ایک نئے بھارت کی تعمیر کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے سات برسوں کے دوران معیشت میں خوشگوار تبدیلیاں لائی ہیں، غریبوں کو با اختیار بنایا ہے اور تجارت کو آسان بنایا ہے۔
سید ظفر اسلام نے پیر کو سرینگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ہماری جماعت پچھلے سات سال سے ایک نئے بھارت کی تعمیر کی بات کر رہی ہے۔ ہم نے معیشت میں خوشگوار تبدیلی لائی ہے، غریبوں کو با اختیار بنانے کی بات ہو تو ہم نے اس سمت میں کافی کام کیا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے تجارت یا کاروبار شروع کرنے کو آسان بنا دیا ہے۔ رہائش کو آسان بنانے پر بھی وزیر اعظم نے خاص توجہ دی ہے'۔
بی جے پی رہنما نے کہا کہ پورے ملک میں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو آزادی حاصل ہے کہ وہ اپنے لوگوں کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ 'وبا کی وجہ سے وادی کشمیر میں بھی لوگ پریشان ہیں۔ سیوا دوس منانے کا مقصد یہی تھا کہ ہم لوگوں کے پاس جا کر ان سے سنیں کہ انہیں کن مشکلات کا سامنا ہے'۔