وادی کشمیر میں آج یعنی 17 اگست رواں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ جس میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34۰5 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ رات کا کم سےکم درجہ حرارت 22۰7 ڈگری سیلشیس تھا۔ گزشتہ کئی دنوں سے دن کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اگرچہ پیر کے روز بازار کھلنے سے سڑکوں پر لوگوں کی گہما گہمی دیکھنے کو ملی تاہم دن بھر تیز دھوپ کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم میں کسی خاص تبدیلی کے امکانات نہیں ہے۔ اور دن کے درجہ حرارت میں بھی کوئی کمی واقع نہیں ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا "آج کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نے گزشتہ تین دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔"
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری زیادہ تھا۔دوسری جانب وادی بھر میں قریب چار ماہ سے لوگ خشک سالی کا سامنے کر رہے ہیں۔ جس سے اکثر مقامات پر پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ دریا اور ندی نالے سوکھ جانے سے کھیت کھلیانوں میں فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔
مسلسل خشک سالی سے زمیندار پریشان نظر آرہے ہیں۔اب لوگوں کو کب تک اس شدت کی گرمی سے راحت ملے گی اور کب تک بارش ہوگی۔ اس کا وادی کشمیر کا ہر ایک شخص بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔