سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ جمعے کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ مرمتی کام کے پیش نظر آج یعنی جمعہ کے روز قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر – سونہ مرگ- گمری روڈ ٹریفک کے لئے کھلا ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ ابھی بند ہی ہے۔ مغل ماہ جنوری کے پہلے ہفتے سے بھاری برف باری کے بعد ٹریفک کے ئے بند ہے تاہم اس روڈ کو کھولنے کے لئے شد ومد سے کام جاری ہے۔ بتادیں کہ قومی شاہراہ جمعے کے روز بند رہنے کے سلسلے میں ٹریفک حکام نے 4 اپریل کو ہی ایک بیان جاری کیا تھا۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس رام بن موہتہ شرما کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ قومی شاہراہ 7 اپریل کی صبح 6 بجے سے 8 اپریل کی صبح 6 بجے تک ضروری مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔ بیان میں کہا گیا تھا: 'جموں و کشمیر یونین ٹریٹری حکومت سے 31 مارچ 2023 کو موصولہ ہدایات کی بنیاد پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے قومی شاہراہ ضروری مرمتی کام کے پیش نظر7 اپریل کو ناشری ٹنل سے نو یوگا ٹنل کے درمیان ٹریفک کے لئے بند رہے گی'۔
یہ بھی پڑھیں: Srinagar Kargil Road Traffic Update برفانی تودے گر آنے کے بعد سرینگر کرگل شاہراہ بند
یو این آئی