پولیس کے مطابق جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں منگل کے روز دیر رات سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔ اس تصادم میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہو گیا ہے۔ اس کی شناخت عذیر اشرف ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکنہ ملہورہ شوپیان کے طور ہوئی ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک شدہ عسکریت پسند کی تحویل سے ایک پستول، ایک میگزین، چھ گولیاں اور دو گرینیڈ برآمد کئے گئے ہیں۔
اس سے قبل پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے واگورہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ جب فورسز کی مشترکہ ٹیم نے مشتبہ مقام کا گھیراؤ کیا تو عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کردی۔ ذرائع کے مطابق علاقہ میں دو عسکریت پسند موجود تھے۔
پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین انکاؤنٹر ہوا ہے-