سرینگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ بعض لوگ جموں و کشمیر کے پر امن ماحول اور تعمیر ترقی سے خوش نہیں ہیں۔ یہ لوگ سکیورٹی فورسز کو مشتعل کرکے سڑکوں پر مظاہروں کو ہوا دینے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار آج شہرہ آفاق جھیل ڈل پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'بعض لوگ سکیورٹی فورسز کو مشتعل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ وہ غلطی کریں اور لوگوں کو سڑکوں پر مظاہرے کرنے کے لئے بنیاد فراہم ہوسکے‘۔ تاہم سکیورٹی فورسز الرٹ ہیں اور وہ قیام امن کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں اور امن مخالف منصوبوں کو ناکام بنا رہے ہیں‘۔ منوج سنہا نے کہا کہ یہ لوگ جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی، تعمیر و ترقی سے خوش نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آنے والے برسوں میں یہ تعمیر و ترقی اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے ملک میں ایک ماڈل جگہ ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر جی ٹونٹی سمٹ کی میزبانی کرے گا جس سے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کو مزید تقویت ملے گی۔
یو این آئی