سرینگر: ہر سال 14 نومبر کو ذیابیطس کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔یہ دن شوگر کی بیماری سے متعلق آگاہی کے طور منایا جاتا ہے، تاکہ لوگوں میں اس بیماری سے ہونے والی پیچیدگیوں، علاج اور احتیاط کے بارے میں آگاہ کیا جائے ۔وہیں یہ دن انسولین ایجاد کرنے والے ماہر طب فریڈرک بیٹننگ کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور بھی منایا جاتا ہے۔ اس دن کے حوالے سے وادی کشمیر میں بھی کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ایسے میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس صورہ میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی،جس میں ماہرین کی جانب سے مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشن کے علاوہ پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔ جن میں ذیابیطس مسائل کی شدت، ذیابیطس اور گردے کی صحت، ذیابیطس اور دل، ذیابیطس اور اعصاب کے موضوع زیر بحث لائے گئے۔
اس موقعے پر ڈائریکٹر سکمز پروفیسر پرویز احمد کول نے کہا کہ لوگوں کو شوگر کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اپنے کھان پان میں خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس طرح کے آگاہی پروگرام مستبقل میں بھی جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مختلف غیر متعدی بیماریوں کی لپیٹ میں ہے اور اس لیے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہیں ڈین میڈیکل فیکلٹی اور ایچ او ڈی اینڈو کرائنالوجی ڈاکٹر بشیر احمد لاوے نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتظامیہ ذیابیطس کے ماہرین کو شامل کرنے، فیلوشپ پروگرام شروع کرنے اور علاج سے متعلق سکمز صورہ کئی اہم اقدامات اٹھا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:
اس موقع پر سکمز صورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق اے جان نے بھی اس بیماری کے بارے میں بیداری عام کرنے اور لوگوں کی طرز زندگی میں تبدیلیوں سمیت اس سے منسلک دیگر اہم چیزوں کی لوگوں کی توجہ مبذول کرانے پر زور دیا۔ تقریب کے آخر پر منتظمین پروفیسر شارق آر مسعودی اور پروفیسر ریاض اے مسگر نے بھی ذیابیطس کے عالمی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔