بھاتی حکومت نے کالعدم حزب المجاہدین تنظیم کے سربراہ سید صلاح الدین اور انڈین مجاہدین تنظیم کے بانی بھٹکل بھائی سمیت 18 افراد کو انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت "دہشت گرد" قرار دیا ہے۔
سنہ 1999 میں بھارتی ایئر لائن کے طیارے کے اغوا کاروں ابراہیم اطہر، عبدالرؤف اصغر اور یوسف اظہر کا نام بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو ترمیم شدہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت تیار کی گئیں۔
اس سے قبل، صرف تنظیموں کو ہی سخت قانون کے تحت نامزد کیا جا سکتا تھا نہ کہ افراد کو۔ لیکن پارلیمنٹ نے اگست 2019 میں منظور شدہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت، دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے یا ان میں حصہ لینے، دہشت گردی میں مدد کرنے، یا اس طرح کی کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے افراد کو "دہشت گردوں" کے طور پر نامزد کرنے کی شق کو متعارف کرایا تھا۔
مذکورہ ترمیم شدہ شق کا استعمال کرتے ہوئے، مرکزی حکومت نے ستمبر 2019 میں چار اور جولائی 2020 میں نو افراد کو "دہشت گرد" قرار دیا تھا۔
حکومتی ترجمان نے کہا 'قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے عزم کی پالیسی کو تقویت دیتے ہوئے مودی حکومت نے مزید 18 افراد کو یو اے پی اے کی دفعات کے تحت دہشت گرد قرار دیا ہے۔'
انہوں نے کہا 'یہ افراد سرحد پار سے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی اپنی کوششوں میں مصروف ہیں۔'
دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہونے والوں میں ساجد میر، جو پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے کمانڈر، جو 26/11 کے ممبئی حملے کے اہم منصوبہ سازوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ یوسف مزمل، جو ایل ای ٹی کے کمانڈر اور 26/11 کے ممبئی حملے کا ملزم ہے۔ عبد الرحمان مکی، لشکر کے سربراہ حافظ سعید کے بہنوئی، جو سیاسی امور کے سربراہ ہیں اور تنظیم کے خارجہ تعلقات کے شعبے میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے چار قریبی ساتھیوں کو - جنہیں اقوام متحدہ نے عالمی دہشت گرد نامزد کیا تھا۔ شیخ شکیل عرف چھوٹا شکیل، محمد انیس شیخ، ابراہیم میمن عرف ٹائیگر میمن اور جاوید چکنا کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اس فہرست میں ریاض اسماعیل شاہ بندری عرف ریاض بھٹکل اور اس کے بھائی محمد اقبال عرف اقبال بھٹکل کا نام ہے، جس نے انڈین مجاہدین تشکیل دی تھی اور وہ جرمن بیکری (2010)، چِناسوامی اسٹیڈیم، بنگلور (2010)، جامع مسجد (2010) پر حملے سمیت مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث مانے جاتے ہیں۔