نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ 'جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے خوفناک خبر۔ دہشت گردانہ حملے میں بی جے پی کے تین کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی واضح طور پر مذمت کرتا ہوں۔ اللہ انہیں جنت نصیب فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو اس مشکل وقت میں صبر و تحمل عطا فرمائے'۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کارکنان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ' کولگام میں بی جے پی کے تین کارکنان کی ہلاکت کے بارے میں سن کر دُکھ ہوا۔ ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں۔ یہ جموں و کشمیر کی عوام ہی ہے جو حکومت ہند کی ناقص پالسیوں کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا بیٹھتی ہے۔'
مشتبہ عسکری حملے میں بی جے پی کے تین کارکنان ہلاک
واضح رہے کہ قاضی گنڈ علاقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تین کارکنان کو جمعرات کی شام مشتبہ عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
ہلاک شدہ بی جے پی کارکنان کی شناخت یوتھ موچہ کے جنرل سکریٹری فدا حسین ایتو ولد غلام احمد، عمر رشید ولد رشید بیگ اور عمر رمضان حجام ولد محمد رمضان کے بطور ہوئی ہے۔
وادی میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران کا یہ ایسا چوتھا حملہ ہے۔ رواں برس 6 اگست کو عسکریت پسندوں نے ویسو قاضی گنڈ میں بی جے پی سرپنچ سجاد احمد کھانڈے ولد علی محمد کو ہلاک کر دیا تھا، جب وہ اپنے مکان کے باہر کھڑے تھے۔