وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں مسلسل چوتھے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں شہر سرینگر کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں کی اکثر رابطہ سڑکیں زیر آب ہیں۔ پانی کی نکاسی کے لیے بہتر نظام نہ ہونے سے سڑکیں جھیلوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
ادھر شہر خاص کے معروف بازاروں کے علاوہ خانیار، بابہ ڈیم، حول اور صورہ وغیرہ کی اندرونی سڑکوں پر بھی کافی پانی جمع ہوگیا ہے جس وجہ سے نہ صرف راہگیروں کو چلنے پھرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بلکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی ان سڑکوں پر سے گزرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کی مشکلات کو جاننے کی کوشش کی۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ شہر سرینگر کو سمارٹ سٹی بنانے کے دعوے تو کر رہی ہے لیکن برفباری اور معمولی بارشوں کے باعث ڈرینج سسٹم ناکارہ ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سمارٹ سٹی کے وہ دعوے زمینی سطح پر سراب ہی ثابت ہو رہے ہیں ۔
کشمیر وادی میں گزشتہ چند دنوں سے رک رک کر بارشوں اور ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق بدھ سے موسم میں بہتری آنے کے امکانات ہیں تاہم حکام نے خبردار کیاہے قومی شہراہ پر پسیاں اور مٹی کے تودے گر آنے کے باعث ٹریفک کی نقل وحمل میں خلل پڑسکتا ہے۔