سرینگر: گذشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی بارشوں سے وادی کشمیر میں بارش کی کمی پوری ہونے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔بتادیں کہ کشمیر میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران بارش معمول سے کم ریکارڈ ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی بارشوں سے وادی میں بارشوں کی کمی کسی حد تک پوری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے 20 اپریل تک ہونے والی بارشوں سے یہ کمی صرف 23 فیصد رہ گئی ہے جو پہلے 70 فیصد تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل سے 20 اپریل تک یعنی گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کشمیر میں 137 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ جموں میں اس ہفتے کے دوران 23 فیصد بارش معمول سے زیادہ ہوئی ہے۔ معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے آخری دنوں کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں جس سے اس ماہ کے دوران بارشیں معمول کے مطابق ہونے کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ مارچ میں کشمیر میں معمول سے 48 فیصد کم بارشیں ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں: Kashmir Weather Update کشمیر میں بھاری بارشوں کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم درج
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں یکم مارچ سے20 اپریل تک 140 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو معمول کے مطابق 206 ملی میٹر ہونی چاہئے تھی جبکہ جموں صوبہ میں اس مدت کے دوران 158 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو معمول کے مطابق 208 ملی میٹر ہونی چاہئے تھی۔موصوف ماہر موسمیات نے کہا کہ اس مدت کے دوران کشمیر میں 23 فیصد جبکہ جموں صوبہ میں 24 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔
(یو این آئی)