سرینگر: جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ و پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے مزکری سرکار اور جموں کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ یہ یہاں کے عوام کو جان بوجھ کر بجلی سے محروم رکھ رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں نجی شعبوں یا ہمسایہ ریاستوں سے بجلی خرید رہے تھے، تاکہ عوام کو سرما میں بجلی کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا نہ ہو، لیکن آج کی مرکزی سرکار یا ایل جی انتظامیہ ایسا قدم نہیں اٹھارہی اور جان بوجھ کر عوام کو بجلی سے محروم رکھ رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار آج سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ پریس کانفرنس محبوبہ نے وادی میں موجودہ بجلی کی عدم دستیابی سے پیدا ہوئے بحران اور عوام کو مشکلات کے پس منظر میں کی۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی اور کٹوتی کے باوجود بھی محکمہ بجلی نے صارفین کو بلز ادا کرنے کی ہدایت دی ہے اور انہیں بتایا گیا کہ اگر وہ بجلی بلز ادا کرنے سے قاصر رہے تو ان کے بجلی کنکشن کو کاٹ دیا جائے گا۔
محبوبہ نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ جلد لوگوں کو بجلی دستاب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ لوگوں کو سردیوں کے دوران بجلی کٹوتی کے مشکلات دور ہوجائے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ آئے روز تشہیری پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے جس پر لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں، لیکن عوام کو بجلی فراہم کرنے اور دیگر سہولیات مہیا کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ کی اپنے تشہیری پروگرام چلانے کے برعکس یہاں کے لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنا چاہئے اور ان کو بجلی فراہم کرنی چاہئے۔
غور طلب ہے کہ جموں کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں گذشتہ ہفتے سے بجلی کا شدید بحران پیدا ہوا ہے اور بجلی محکمہ نے میٹر والے علاقوں میں بجلی کٹوتی کی ہے۔ وہیں غیر میٹر علاقوں میں بھی بجلی کی شدید کٹوتی کی جارہی ہے۔
محکمہ بجلی کے مطابق وادی میں ہر روز 2000 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے، لیکن محکمہ کے پاس محض 1200 میگاواٹ ہی دستیاب ہے، جس کی وجہ سے بجلی کٹوتی کرنی پڑتی ہے تاکہ صارفین کو بجلی مہیا رکھی جائے۔
مزید پڑھیں:
محبوبہ مفتی نے کہا کہ بجلی کے علاوہ پنشنر ملازمین کی پنشن بھی واگزار نہیں کیا جارہا ہے جس سے ان کو گھر چلانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پنشنرز کے لئے پانچ سو کروڈ روپے کا انتظام کرنے میں بھی ناکام ہوئی ہے۔