سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے تمام افسروں اور دوسرے رینکس کو دوران ڈیوٹی یا چھٹی کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ عیدگاہ جیسے واقعات جس میں ایک پولیس انسپکٹر کی موت واقع ہوئی، پیش نہ آسکیں۔
بتادیں کہ سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں 29 اکتوبر کو نامعلوم عسکریت پسنندوں نے مسرور احمد وانی نامی ایک پولیس انسپکٹر پر حملہ کر دیا جب وہ کھیل رہے تھے۔ پولیس انسپکٹر اس حملے میں شدید زخمی ہوگئے اور 40 روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کو دہلی کے ایمز ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر وجے کمار نے جمعہ کے روز میڈیا کو بتایا کہ ' تمام افسروں اور دوسرے رینکس کو دوران ڈیوٹی یا چھٹی کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پر سختی عمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ عیدگاہ جیسے واقعات جس میں ایک پولیس انسپکٹر کی موت واقع ہوئی، پیش نہ آسکیں'۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو ضلع پولیس لائنز سرینگر میں ایمز میں جمعرات کو دم توڑنے والے پولیس انسپکٹر کی میت پر گلباری کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
عیدگاہ واقعے کے بارے میں ان پٹس ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ 'ہمارے پاس ممکنہ حملے کے بارے میں ان پٹس تھے لیکن کبھی کبھی چوک بھی ہوتی ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'تمام افسروں اور دوسرے رینکس کو تازہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ڈیوٹی پر ہوں یا چھٹی پر ہوں، معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو سختی سے اپنائیں'۔
مزید پڑھیں:
- زخمی پولیس انسپکٹر کی ایمز اسپتال، دہلی میں موت
- پولیس انسپکٹر کی جسد خاکی سرینگر پہنچائی گئی، پولیس لائنز میں گلباری تقریب منعقد
ایک سوال کے جواب میں موصوف اے ڈی جی پی نے کہا کہ جو اس حملے میں ملوث ہوگا اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 'امن و قانون کی بحالی عوام کی بنیادی ضرورت ہے جو اس کو بگاڑنے کی کوشش کرے گا خواہ وہ کوئی شرپسند عنصر ہو یا دہشت گرد ہو اس کے خلاف سخت کارروائی انجام دی جائے گی'۔
سوشل میڈیا پر غلط مواد شیئر کرنے کے متعلق جاری کی جا رہی ہدایات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ 'میڈیا کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں جانکاری پھیلائے'۔ قابل ذکر ہے کہ پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی کی میت پر جمعہ کو یہاں ضلع پولیس لائنز پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کرکے اپنے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
(یو این آئی)