سرینگر: جموں کشمیر میں پنچایتی انتخابات کو اپنے مقررہ وقت پر منعقد کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے اسٹیٹ الیکشن کمیشنر - برج راج شرما - نے کہا کہ ان انتخابات کے انعقاد کے تئیں قانونی کی پاسداری عمل میں لائی جائے گی۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے بی آر شرما نے بتایا کہ پنچاتی انتخابات کے انعقاد کے متعلق قانون یہی کہتا ہے کہ پانچ برس کی مدت ختم ہونے سے قبل انتخابات منعقد ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم (یعنی سٹیٹ الیکشن کمیشن) قانون کی پاسداری اور عمل آوری کریں گے۔‘‘
یہ سوال پوچھے جانے پر کہ کیا سیاسی جماعتوں کو ان انتخابات کے لئے سرگرمیاں کرنی چاہئے؟ انہوں نے کہا کہ ’’ان کو تیاریاں کرنی چاہئے۔‘‘ یاد رہے کہ جموں کشمیر میں پنچایتی نظام کی پانچ برس کی مدت دسمبر جنوری میں ختم ہو رہی ہے البتہ انتخابات تین ماہ قبل یعنی اکتوبر نومبر میں طے ہے۔ جموں کشمیر میں اکتوبر نومبر سنہ 2018 میں پنچایتی و بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ ان انتخابات کا نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بائیکاٹ کیا تھا۔ ان جماعتوں نے کہا تھا کہ مرکزی سرکار دفعہ 370 اور 35 کی منسوخی کے متعلق تحفظات ختم کرے۔ تاہم مرکزی سرکار نے انکی نہ سنی اور انتخابات منعقد کئے۔ بعد میں ایک برس بعد دفعہ 370 اور 35 اے کو بھی منسوخ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: BJP not ready to face elections in JK بی جے پی جموں و کشمیر میں انتخابات کے لیے تیار نہیں، عمر عبداللہ
بعد ازاں نیشنل کانفرنس نے سنہ 2018 کے انتخابات کے بائیکاٹ کو بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ تاہم آنے والے پنچایتی و بلدیاتی انتخابات میں یہ دنوں جماعتیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ہیں حتی کہ یہ جماعتیں ان انتخابات کے لئے سرگرمیاں بھی انجام دے رہی ہیں۔ سابق بیروکریٹ برج راج شرما کو گزشتہ ہفتے جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اس سٹیٹ الیکشن کمیشنر کے عہدے پر فائز کیا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر جموں کشمیر میں پنچایتی اور ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات منعقد کرتا ہے۔