وادی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارشوں، برفباری اور تیز ہواؤں سے معمولات زندگی متاثر ہو چکی ہیں۔ وہیں مسلسل بارشوں کے سبب سیلاب کے کسی بھی خطرے کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول نے کہا ہے کہ 'وادی کشمیر میں اس وقت سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔'
محکمہ فلڈ اینڈ اریگیشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ آبی ذخائر میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے نیچے ہے۔
مزید پڑھیں؛ بڈگام: شدید بارشوں کے سبب دو منزلہ مکان کو شدید نقصان
عہدیدار کے مطابق 'سرینگر کے رام منشی باغ میں جہلم میں پانی کی سطح بارہ فٹ ہے، جب سطح 14 فٹ کے پار ہوگی تو فلڈ اسپل چینلز کو کھول دیا جائے گا جس سے دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہو جائے گی جبکہ سبھی آبی ذخائر میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے کافی نیچے ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج بھاری بارشوں کا امکان نہیں ہے جس کے سبب وادی میں فی الوقت سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔'