ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے نائٹ فلائٹ (رات کی پرواز) کی تجویز کی منظوری دی ہے جس کے بعد سرینگر ہوائی اڈے سے رات کی پروازیں شروع ہو گئی ہیں۔
ڈائریکٹر سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈہ سنتوش ڈھوکے نے بتایا کہ ڈی جی سی اے نے دو بڑی ایئر لائنز کے لئے سرینگر ہوائی اڈے پر رات کی پروازیں شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ڈھوکے نے بتایا کہ سرینگر ہوائی اڈے پر رات کی باقاعدہ پروازیں 28 مارچ سے شروع ہوں گی۔ 'سری نگر سے شیڈول آخری پرواز شام 7:50 بجے ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نائٹ فلائٹ آپریشن سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ '
انہوں نے بتایا کہ اتوار کو سری نگر سے رات کو تین پروازیں چلیں گی اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ڈھوکے نے کہا 'یہ ہم سب کے لئے خوشی کا مقام ہے اور ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔ ہم ہر روز رات کو دو سے تین پروازیں چلائیں گے۔ امید ہے کہ جلد شام کو مزید پروازیں چلیں گی۔'
ڈھوکے نے کہا کہ پروازوں کے اڑنے کے اوقات شام 5:30 بجے تک تھے جسے اب بڑھا کر رات 9 بجے کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل 19 اور 20 مارچ کو گو ایئر، انڈی گو نے ہوائی اڈے پر نائٹ فلائٹ کے لئے ٹرائل کئے تھے، جو کامیاب رہے۔
حکومت و سیاحت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ نائٹ فلائٹ سے ٹور اور ٹریول آپریٹرز کا طویل التوا مطالبہ پورا ہو گیا ہے اور اس سے جموں و کشمیر کی معاشی نمو میں کافی حد تک مدد ملے گی۔
ادھر حکام کے مطابق جموں ایئر پورٹ سے 31 مئی سے نائٹ فلائٹ شروع کی جائے گی۔