نگینہ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اتور سرینگر میں ایک پر وقار ادبی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ریٹائرڈ جسٹس بشیر احمد کرمانی نے انجام دی جبکہ براڈکاسٹر اور شاعر رفیق راز، معروف افسانہ نگار اور نگینہ کے مدیر اعلیٰ وحشی سعد اور معروف ادیب خالد حسین ایوان صدارت میں موجود تھے۔ تقریب میں ادیبوں اور دانشوروں کا ایک کہکشاں بھی موجود تھا۔
تقریب میں نگینہ انٹرنیشنل ادبی رسالہ کے سالانہ 2020 مع گوشہ حکیم منظور مرحوم کی اجرائی انجام دی گئی جس میں معروف قلمکار محمد عبد اللہ خاور کا تحریر کردہ تبصرہ ناصر ضمیر نے پڑھا۔
برصغیر کے نامور اور مایہ ناز اردو افسانہ نگار نور شاہ کی تازہ تصنیف "لفظ لفظ داستان" کو بھی اس تقریب میں منظر عام پر لایا گیا جس پر پروفیسر نیلوفر ناز نحوی نے منفرد انداز میں کتاب کا تعارف اور اس پر تبصرہ پیش کیا۔ وہیں وحشی سعد کا افسانوی مجموعہ "شیشے کا سمندر" پر نوجوان ادیب زاہد ظفر نے تبصرہ پیش کیا۔
اس موقعے پر وحشی سعد کے افسانوی مجموعہ "پتھر پتھر آئینہ" پر معروف شاعر راشد کانس پوری کا کشمیری ترجمہ "کنی کنی آئینہ" کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
تقریب پر شرکاء نے اردو زبان کی اہمیت و افادیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اردو کو ہماری نہیں بلکہ ہمیں اردو کی ضرورت ہے کیونکہ یہ رابطے اور واسطے کی زبان ہے۔ آخر پر نگینہ انٹرنیشنل کے مینیجگ ڈائریکٹر ظہور احمد ترنبو نے مزاحیہ انداز میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔