سرینگر:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ملیٹینسی سازش کیس کے سلسلے میں پنجاب اور جموں وکشمیر میں 14 مقامات پر چھاپہ ماری کے دوران ڈیجیٹل اور قابل اعتراض مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں تحقیقاتی ایجنسی نے سری نگر، بارہ مولہ، پلوامہ، اننت ناگ ، کٹھوعہ اور پنجاب میں 14 مقامات پر چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنے، اقلیتی طبقے، سکیورٹی اہلکاروں اور مذہبی تقریبات کو نشانہ بنانے کی خاطر پاکستان میں مقیم کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے کمانڈروں کی سازش سے متعلق ہے۔
ان کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے جموں وکشمیر میں خوف ودہشت کا ماحول پھیلانے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔موصوف ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران بارہ مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی جو پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران ڈیجیٹل اور قابل اعتراض مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
بتادیں کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں وکشمیر میں دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو تباہ کرنے کی خاطر بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے اور اب تک متعدد ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: NIA Raid in Jammu and Kashmir جموں و کشمیر میں مختلف مقامات پر این آئی اے کا چھاپہ
(یو این آئی)