نگینہ انٹرنیشنل Nigina International کے زیر اہتمام پانچ دسمبر کو ایوان ادب بلیوارڈ روڑ سرینگر میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سابق جسٹس بشیر احمد کرمانی نے انجام دی جبکہ سرکردہ ادیب پروفیسر جاوید قدوس، خالد حسین اور نگینہ انٹرنیشنل کے مدیر اعلی وحشی سعید ایوان صدارت میں موجود تھے۔
اس موقع پر سالنامہ نگینہ انٹرنیشنل کے تازہ شمارے جولائی تا دسمبر 2021 کے ساتھ ساتھ دیگر 6 کتابوں کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
وحشی سعید کی فکشن نگاری،معاصرین کے ساتھ تقابل اور تجزیہ از ڈاکٹر جگموہن سنگھ، وحشی سعید اور فن افسانہ نگاری از شارق عدیل، کرشن چندر میری نظر میں از دیپک بدکی، خالد حسین کی خودنوشت’ میں زندہ آدمی ہوں، تعلیمی نفسیات از رشید کانسپوری اور ادب کے معمارجموں کشمیر اور لداخشامل ہیں۔
ان کتابوں پر ڈاکٹر شاہ فیصل، ڈاکٹر عرفان عالم، ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی اور صوفی بشر بشیر نے تبصرے پیش کئے۔ اس موقعے پرنگینہ انٹرنیشنل نے زبان و ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں شیخ بشیر احمد، ڈاکٹر مشتاق حیدر، ڈاکٹر جگموہن سنگھ اور شارق عدیل کو سند افتخار اور شال سے نوازا۔
مزید پڑھیں:پلوامہ : غلام رسول کی تصنیف کردہ کتاب بعنوان "انہ تہ انہار" کی رسم رونمائی
اس موقع پر پرفیسر قدوس جاوید نے جموں کشمیر کے ابتدائی دور میں ہوئی تحقیق کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس میدان میں مزید تحقیق کی گنجائش ہے،کیونکہ وادی کشمیر کا ایک عظیم ماضی رہا ہے۔
اپنے صدارتی کلمات میں ریٹایرڈ جسٹس بشیر احمد کرمانی نے نگینہ انٹرنیشنل کے تازہ شمارے سمیت دیگر کتابوں کی رسم اجرائی پر مصنفین کو مبارک باد پیش کی۔