وزیر اعظم نے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک چاہتا ہے کہ جموں و کشمیر سے عسکریت پسندی کا خاتمہ ہو اور لوگوں کی حمایت کی وجہ سے دفعہ 370 کو ہٹایا گیا اور اب جموں و کشمیر اور لداخ ترقی اور اعتماد کے راستے پر چل پڑا ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ وہ دوسری بار وزیر اعظم کے طور پر منتخب ہوئے اور ابھی صرف پانچ ماہ پورے ہوئے ہیں، تاہم وہ لوگوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا عوام کے حمایت کی بدولت جموں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا۔
نریندر مودی نے کہا کہ عوام نے نئی امیدوں اور نئے خوابوں کے لیے 'کنول' نشان چُنا ہے اور لوگوں کی طرف سے فیصلے کرنے اور ان کی امنگوں کو پورا کرنے کا اختیار دیا۔ وزیر اعظم نے الزام عائد کہا کہ 'اس فیصلے سے کئی لوگ ناخوش ہیں اور وہ "صدمے" میں ہیں اور دوسرے ملکوں میں جا کر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ مدد مانگ رہے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو دفعہ 35 اے اور 370 سے اتنا ہی لگاؤ ہے تو میں آج انہیں چلینج کرتا ہوں۔ ہمت کے ساتھ ہریانہ کے لوگوں کے بیچ میں جاؤ اور بتاؤ کہ اگر آپ چناؤ جیت کر آئے تو 370 اور دفعہ 35 اے واپس لائیں گے۔ مودی نے جو کیا ہے اس کا الٹا کریں گے'۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نریندر مودی نے مہاراشٹر میں انتخابی مہم کے دوران جموں کشمیر کو ملک کی شان قرار دیا۔