سرینگر: جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور علیحدی پسند رہنما میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے وادی کشمیر کے سرکردہ اور نامور ادیب، صحافی، شاعر اور قلمکار غلام نبی خیال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے انکی علمی، ادبی، صحافتی اور سماجی خدمات کیلئے ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ نے کہا ہے کہ مرحوم خیال کی انکے ساتھ قریبی راہ و رسم تھی اور خاندان میرواعظین خصوصاً بانی تنظیم شہید ملت مولانا محمد فاروق ؒ کے ساتھ ان کے قریبی اور دیرینہ تعلقات تھے۔
غلام نبی خیال کے انتقال کو ایک عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ’’ان کے چلے جانے سے کشمیر کے ادبی، علمی اور صحافتی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جس کو مشکل سے ہی پُر کیا جا سکتا ہے۔‘‘ میرواعظ نے مرحوم خیال کے فرزندان کے ساتھ اس سانحہ پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی۔
مزید پڑھیں: Ghulam Nabi Khyal Passes Away وادی کشمیر کے معروف شاعر و مصنف غلام نبی خیال کا انتقال
انہوں نے مزید کہا کہ ’’زبان و ادب کے تئیں مرحوم خیال کی خدمات کو تا دیر یاد کیا جائے گا۔‘‘ دریں اثناء، میرواعظ نے آثار شریف پنجورہ، شوپیاں کے متولی جناب میر بشیر احمد کی اہلیہ کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے میر بشیر احمد کے ساتھ اس سانحہ پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔