پورے دنیا کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عید میلادالنبی ﷺ کا جلوس درسگاہ دارالھدی سعیدہ پورہ عیدگاہ سے نکالا گیا۔ جلوس میں درسگاہ سے وابستہ کئی بچوں کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔
جلوس میں شامل بچوں کے ہاتھوں میں سبز جھنڈے تھے، جن پر جشن عید میلاد النبی ﷺ اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعرے درج تھے۔ یہ جلوس مختلف گلیوں سے نکلتے ہوئے درسگاہ سعیدہ پورہ میں اختتام پزیر ہوا۔ جلوس میں لوگ لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعرے لگا رہے تھے۔
ایک مقامی شخص نے بتایا کہ کورونا وائرس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم نے کم ہی لوگوں کو جلوس میں بلایا ہے۔ گزشتہ برس جلوس میں ایک ہزار سے زائد بچے تھے لیکن اس بار جلوس میں محض 300 ہی بچے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے جلوس میں سوشل ڈیسٹنسنگ کا پورا خیال رکھا ہے۔
خیال رہے کہ عید میلاد النبی یا جشن عید میلاد النبی ایک اسلامی تہوار ہے، جو اکثر مسلمان مناتے ہیں۔ یہ دن مسلمان ہر سال اپنے نبی محمد ﷺ کی ولادت کی مناسبت سے مناتے ہیں۔ یہ ربیع الاول کے مہینا میں آتا ہے جو اسلامی تقویم کے لحاظ سے تیسرا مہینا ہے۔
ویسے تو میلاد النبی اور محافلِ نعت کا انعقاد پورا سال ہی جاری رہتی ہیں، لیکن خاص ماہِ ربیع الاول میں عید میلاد النبی کا تہوار پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔ یکم ربیع الاول سے ہی مساجد اور دیگر مقامات پر میلاد النبی اور نعت خوانی کی محافل شروع ہو جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیاء کے سب سے بڑے ٹراؤٹ فش فارم میں عملے کا فقدان
اس دوران محمد ﷺ کی ولادت با سعادت، آپ کی ذات مبارکہ اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ 12 ربیع الاول کو کئی اسلامی ممالک میں سرکاری طور پر عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، انڈیا، پاکستان، افغانستان، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، کوریا، جاپان اور دیگر غیر اسلامی ممالک میں بھی مسلمان کثرت سے میلادالنبی اور نعت خوانی کی محافل منعقد کرتے ہیں۔