جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی سکریٹری نُزہت گل نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'کھیلو انڈیا گیمز کے لیے تیاریاں کرنے کا زیادہ موقع نہیں ملا کیونکہ کھیلوں کی تاریخ کئی مرتبہ تبدیل کرنی پڑی۔ گلمرگ کے تمام ہوٹلز سردیوں کے موسم میں پہلے سے ہی بُک ہوتے ہیں۔ ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد نے کافی تعاون کیا اور کھلاڑیوں کے رہنے کے لیے جگہ کا بندوبست کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'کھیلوں کے شروع ہونے سے ایک روز قبل ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ یہاں برفانی طوفان آگیا تھا جس وجہ سے ہماری تیاریوں کو بڑا دھچکا لگا۔ تاہم اللہ تعالی کی مہربانی اور مختلف محکموں اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے مدد ملی اور آج یہ کھیل منعقد ہورہے ہیں۔'
وادی میں سرمائی کھیل منعقد کرانے کے مقصد پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ان کھیلوں کا بس ایک ہی مقصد ہے کہ وادی کے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے۔ انہیں ورلڈ چیمپیئن بناسکیں۔ ہمارے پاس بہترین ٹیلینٹ ہیں۔'
نزہت گل نے مزید کہا کہ 'اس وقت جاری سرمائی کھیلوں میں کرناٹک کے ایک بچے نے اِسنو شو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے۔ یہ آپ کو دکھاتا ہے کی جنوبی بھارت کے کھلاڑی سرمائی کھیلوں میں کتنی دلچسپی رکھتے ہیں۔ کھیل تہذیب و تمدن کو ایک ساتھ لاتا ہے۔'