سرینگر (جموں و کشمیر) : محکمہ صحت و طبی تعلیم نے تمام نجی کلینک، اسپتالوں، نرسنگ ہومز اور لیباٹریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 دن کے مقررہ وقت کے اندر اندر درکار ضروری لوازمات کو پورا کریں۔ اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹیز کو 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ نجی کلنیکلز، اسپتالوں، نرسنگ ہومز اور لیبارٹریز میں بنیادی ڈھانچے، طبی عملہ اور آلات کی کمی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت نے تمام ضلع رجسٹریشن اتھارٹیز کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے سبھی 20 اضلاع میں قائم نجی طبی اداروں اور نرسنگ ہومز کا معائنہ کرکے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کلنیکل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے سیکشن 33 کے تحت متعلقہ ضلع اتھارٹی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی منظور شدہ کلنک، نرسنگ ہوم یا لیبارٹری وغیرہ میں موجود طبی آلات کا معائنہ کر کے اس کی رپورٹ جمع کر سکتی ہے۔ تاہم رپورٹ جمع کرنے سے قبل مذکورہ طبی اداروں کے مالکان کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔ جبکہ معائنہ کرنے والی کمیٹی ممبران کلنیک کے مالک کو خامیوں نشاندہی کروا سکتے ہیں اور ان کمی/ خامیوں کو دور کرنے کے لئے درکار وقت بھی دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں نجی کلنک، اسپتالوں اور لیبارٹریز کی تعداد روز افزوں بڑھ رہی ہے۔ نجی کلنک اسپتالوں کے سبب جہاں مریضوں کو راحت پہنچتی ہے وہیں ان نجی کلنک، اسپتالوں میں مریضوں کو دو دو ہاتھوں لوٹنے کا بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے جبکہ بعض اسپتالوں میں لاپرواہی کے سبب مریضوں کی اموات بھی درج کی جاتی ہیں جس کے بعد کئی ایک کلنک، نجی اسپتال سیل بھی کیے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: Non JK Registered Vehicles بیرونی ریاستوں کی گاڑیوں کے مالکان کو عدالت عالیہ سے بڑی راحت