سرینگر:جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تمام منسلک نجی اسکول کو متنبہ کیا کہ وہ ایسی ہورڈ آف اسکول یا سائن بورڈ کا استعمال کرنے سے پرہیز کریں، جس سے طلبہ اور والدین کو گمراہ کر کے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ مذکورہ اسکول کسی دوسرے بورڈ یا ادارے سے منسلک ہے۔ اس حوالے سے جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جمعہ کو جاری اپنے سرکلر میں نجی اسکول انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گمراہ کن ہورڈ کے استعمال کرنے سے احتیاط کریں ورنہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سرکلر میں کہا گیا یے کہ کئی نجی اسکول ایسے ہورڈ کا استعمال کرکے والدین اور طلبہ کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کسی دوسرے تسلیم شدہ بورڈز یا ادارے سے وابستہ ہیں اور وہ اسی طرز طریقے سے بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ کئی اسکول اپنے طرز عمل سے ایک تو طلبہ اور والدین کو گمراہ کررہے ہیں وہیں مزکورہ اسکول اپنی من مانی طریقہ کار چلانے کے لیے راہ ہموار کررہے ہیں۔ ایسے میں جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے مذکورہ اسکول انتظامیہ کو باز رہنے اور اس طرح کی بورڈ یا سائن بورڈ وغیرہ لگانے سے باز رہنے کو کہا ہے۔
اس طرح کی دھوکہ دہی کے طریقوں کو روکنے کے لیے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام اداروں کو ایسے سائن بورڈز لگانے چاہئیں جس میں واضح طور پر اسکول کے نام کے ساتھ "اسکول کوڈ" اور "جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن" کے نام ظاہر ہوں۔ ہدایت کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے کشمیر صوبے کے ذیلی اور برانچ دفاتر کے تمام ڈپٹی، اسسٹنٹ، اور انچارج افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں تمام منسلک شدہ تعلیمی اداروں سے جی آئی ٹیگ شدہ فوٹو گراف ثبوت کے ساتھ رپورٹ حاصل کریں۔
مزید پڑھیں: Free Education In Private Schools غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی نجی اسکولوں کو ہدایت
ایسے میں تمام نجی اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اندر جوائنٹ سیکریٹری کے دفتر میں کارروائی کی رپورٹ جمع کرائیں۔ جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن حکام کے مطابق اس طرح کے اقدامات نجی اسکولوں کی جانب سے والدین اور طلبہ کو گمراہ کرنے سے روکا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن سے وابستہ تعلیمی ادارے شفافیت سے کام کریں گے۔