سرینگر: جموں کشمیر اردو کونسل نے برصغیر کی معروف اردو شخصیت پروفیسر گوپی چند نارنگ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اردو کونسل کے جملہ اراکین اس غم میں ان کے اہل خانہ سے برابر کے شریک ہیں۔
اپنے تعزیتی بیان میں جموں کشمیر اردو کونسل نے کہا کہ سورگیہ نارنگ صاحب کی اردو زبان اور علم وادب کے تئین بیش بہا خدمات کو یاد کرتے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نارنگ صاحب کی ذات اور ان کی ادبی خدمات اس بات کا جیتا جاگتا ثبوت تھیں کہ اردو کسی ایک فرقہ یا مذہب کی زبان نہیں ہے بلکہ اس زبان کی چاہت اور چاشنی ہر دل اور ذہن میں پائی جاتی ہے۔
واضح رہے صف اول کے اردو نقاد، محقق اور ادیب گوپی چند نارنگ 91 برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔11 فروری 1931 کو ڈکی، زیریں پنجاب میں پیدا ہونے والے پروفیسر گوپی چند نارنگ کو ادبی دنیا میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں:
پروفیسر گوپی چند نارنگ کو پدم بھوشن سے بھی نوازا جاچکا ہے جب کہ انہیں پاکستان میں بھی متعدد انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا یے۔ وہ ملک کے سب سے اہم ادبی ادارے ساہتیہ اکادمی کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔