سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے ’’اسپیڈ ریڈار گن‘‘ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کا استعمال چلتی گاڑیوں کی رفتار کا اندازہ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آلات شہر میں تیز رفتار اسٹنٹ بائکنگ اور ڈرائیونگ کو روکنے کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کاؤنسلنگ کے ذریعے بھی اسٹنٹ بائیکنگ کو روکنے / کم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
سرینگر میں اپنے دفتر میں صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے، سٹی ٹریفک کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) مظفر احمد شاہ نے کہا کہ ’’محکمہ کو چلتی گاڑیوں کی رفتار کا پتہ لگانے کے لیے چند ’’اسپیڈ ریڈار گنز‘‘ کی ضرورت تھی۔ یہ آلات شہر میں تیز رفتار اسٹنٹ بائیکنگ کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے مہینوں میں انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (آئی ٹی ایم ایس) کو بھی آن کر دیا جائے گا۔ مظفر شاہ نے کہا: ’’ہم اسپیڈ ریڈار گن استعمال کریں گے، جو بے ترتیب اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے افراد کی نشاندہی میں ہماری مدد کریں گے۔ نسب کیے گئے کیمروں کی مدد سے بھی خود بخود ٹریفک جرائم کا پتہ لگ جائے گا۔‘‘
مزید پڑھیں: Jammu Smart traffic Management System: جموں میں خودکار، اسمارٹ ٹریفک منیجمنٹ سسٹم کا پہلا مرحلہ شروع
اتوار کی شام کو پیش آئے ایک واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا، ’’پارم پورہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے بروقت کارروائی کی گئی تھی، اور یہ کارروائی ان لوگوں کے لیے ایک اشارے کے طور پر کام کرے گی جو اس قسم کی حرکتوں میں ملوث ہیں۔ اس بارے میں قانون بالکل واضح ہے اور کوئی بھی خلاف ورزی کرنے والا بچ نہیں سکتا۔‘‘