سرینگر: جموں کشمیر کے دارلحکومت سرینگر میں بین فوجی دستے سی آر پی ایف کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں بیس ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح بدھ کو سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چودھری نے کیا۔ ناک آؤٹ بنیاد پر منعقد کیے جا رہے ٹورنامنٹ میں وسطی کشمیر کے گاندربل، سرینگر اور بڈگام سے تعلق رکھنے والی کل بیس ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے ایک کھلاڑی نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے یہ ایک بہتر پہل ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ میں اپنا ہنر دکھانے کا موقع فراہم کر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکو سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جہاں دیگر اضلاع کے مقابلے میں کھیلنے کی بہتر سہولیات ہیں۔
اس موقعے پر سی آر پی ایف کے صوبہ کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چودھری نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی آر پی ایف کی پہل ہے کہ کشمیر کے نوجوانوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں سے نظم و نسق سکھایا جائے تاکہ وہ سماج کے لیے مثبت تبدیلی لانے میں کلیدی کردار ادا کرے۔
مزید پڑھیں: CRPF Cricket Tournament: سی آر پی ایف کی جانب سے اونتی پورہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام
غور طلب ہے کہ کشمیر میں سی آر پی ایف، فوج اور پولیس کی جانب سے کھل کود، میڈیکل کیمپ اور سماجی بہبود کے لئے سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں سے رابطہ قائم رکھا جائے اور سماج میں اپنا مثبت اثر و رسوخ پیدا کیا جائے۔