جموں: جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں اینڈ کشمیر منرلز لمٹیڈ کی 175 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکریٹری نے کارپوریشن کی کانوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ کانیں بہتر حالت میں کام کر رہی ہیں یا نہیں اور اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ کان کنی کے ذریعے روز گار کے مزید مواقع کیسے پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مہتا نے کالا کوٹ کوئلے کی کانوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماہرانہ مشاورت کے ساتھ کان کنی کا منصوبہ تیار کرنے پر بھی زور دیا۔ چیف سیکریٹری نے کارپوریشن پر زور دیا کہ ان کی تمام سرگرمیوں کا مقصد جموں و کشمیر کی معیشت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے گذشتہ تین برسوں میں کارپوریشن کے مالیاتی ریکارڈ کی تعریف کی اور بہتر کوآرڈینیشن اور فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے سہ ماہی اجلاس منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔
میٹنگ کے دوران بورڈ نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ این ایم ای ٹی ( نیشنل منرل ایکسپلوریشن ٹرسٹ) کے تحت فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے جے اینڈ کے منرلز لمیٹڈ سیفائر مائن کے لیز ہولڈ رائٹس کو سونپ دے گا تاکہ وزارت کانوں کا کام شروع کر سکے۔ مزید براں کہ بورڈ نے شفافیت کو فروغ دینے کے لیے رف نیلم کی ای نیلامی کی منظوری دی۔
- مزید پڑھیں: Committee Formed for New Energy Policy in J&K: توانائی کی منتقلی کی نئی پالیسی پر اعلٰی سطح کی کمیٹی تشکیل
بورڈ کے ممبران میں سیکریٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈاکٹر راگھو لنگر، سیکریٹری کان کنی امیت شرما، ڈائریکٹر ارضیات اور کان کنی او پی بھگت، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایل وکرم گپتا، ڈی جی کوڈز ایس ایل پنڈتا کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شامل تھے۔