سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان اعلیٰ سنیل سیٹھی نے مرکزی وزیر خزانہ نر ملا سیتا رمن کی طرف سے جموں و کشمیر کے لئے مالی سال2023 -2024 کے لئے پیش کیے جانے والے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ کا 35 فیصد حصہ جموں وکشمیر کے انفراسٹرکچر اور ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جموں وکشمیر میں آنے والے برس کے دوران کتنی ترقی ہوگی۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’جموں وکشمیر کے لئے پیش کی جانی والی بجٹ کا 35 فیصد حصہ یونین ٹریٹری کے انفراسٹرکچر اور ترقی پر خرچ ہوگا جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آنے والے برس کے دوران یہاں کتنی ترقی ہوگی‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ کے تحت سوپور میں 25 ہزار میٹرک ٹن کی گنجائش کا ایک کولڈ سٹور بنایا جائے گا جبکہ جموں کے نروال میں 2 ہزار میٹرک ٹن کی گنجائش کا کولڈ اسٹور بنایا جائے گا۔
ایڈوکیٹ سیٹھی نے کہا کہ ان کولڈ سٹوروں سے میوہ سے وابستہ لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا اور فصل کو خراب ہونے سے بچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سمارٹ سٹی کے لئے سرینگر اور جموں کے لئے پانچ سو کروڑ روپیے رکھے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرینگر میں سمارٹ سٹی کے پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے اور آنے والے دنوں میں پانی اور بجلی پر بھی کام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں میٹرو ٹرین پر کام اگلے برس سے شروع ہوگا جس سے لوگوں کو کافی سہولیت پہنچے گی۔
موصوف ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ بجٹ میں خواتین کے لئے خاص خیال رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے ایسی خاص دکانیں ہوں گی جہاں صرف خواتین ہی جا سکتی ہیں اور جن کو خواتین ہی چلا سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف شعبہ سیاحت فروغ پا رہا ہے اور خواتین سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے گلابی گاڑیاں جن کے ڈرائیور خواتین ہی ہوں گی، کا بندو بست کیا جائے گا۔
سنیل سیٹھی نے کہا کہ اگلے سال روز گار کے 40 میلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس کے تحت نوجوانوں کو روز گار فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن کے تحت پانی کے لئے پانچ ہزار کروڑ روپیے رکھے گئے ہیں تاکہ ہر گھر میں نل کا پانی میسر ہو۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھی اچھی رقم رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ سیاحت پر 60 کروڑ روپیے صرف کئے جائیں گے۔
بتادیں کہ مرکزی وزیر خزانہ نر ملا سیتا رمن نے پیر کو پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کے لئے مالی سال2023 -2024 کے لئے 1 لاکھ18 ہزار 5 سو کروڑ روپیے کا بجٹ پیش کیا۔
مزید پڑھیں:JK budget 2023-24 کئی شعبوں میں بجٹ میں رقم ہی نہیں مختص، بٹہ مالو ٹریڈرس ایسوسی ایشن
(یو این آئی)