حزب المجاہدین کے عسکریت پسندوں کے ساتھ گرفتار کیے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس دیویندر سنگھ کو دیے گئے 'شیر کشمیر' میڈل واپس لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر انتظامیہ نے معطل پولیس افسر دیویندر سنگھ سے شیر کشمیر میڈل واپس لے لیا ہے۔ انتظامیہ نے اس بارے میں احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ حزب اللہ مجاہدین کے دو عسکریت پسندوں کے ساتھ گرفتار شدہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) دیویندر سنگھ کو برخاست کرنے اور معاملہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پولیس نے جموں و کشمیر کی جانب سے سنہ 2018 میں یوم آزادی کے موقع پر سنگھ کو دیئے گئے بہادری تمغے کو واپس لینے کی بھی سفارش کی تھی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس سخت کارروائی کرے گی کیوںکہ ہم ان لوگوں کو پناہ دینے یا تحفظ دینے میں یقین نہیں رکھتے ہیں جنہیں فورسز، قوم اور ان کے عوام سے کوئی وفاداری نہیں ہے۔
ادھر این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل وائی سی مودی نے بدھ کو ہوم سکریٹری اجے کمار بھلا سے ملاقات کی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے پورے معاملے میں تحقیقات کی پیشرفت سے ہوم سکریٹری کو آگاہ کیا ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دیویندر سنگھ معاملے پر حکومت کا موقف بہت سخت ہے۔
وزارت داخلہ نے کیس کو این آئی اے کے حوالہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ این آئی اے سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیں۔
دیویندر سنگھ کے 2001 میں ہوئے پارلیمنٹ حملہ میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ دیویندر سنگھ کو ہفتے کے روز اس وقت پکڑا گیا جب وہ جنوبی کشمیر میں حزب المجاہدین کے دو عسکریت پسندوں کے ساتھ جموں جا رہے تھے۔
ان کی گرفتاری کے بعد وہ ایک بار پھر سرخیوں میں آئے ہیں، میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ برس جموں و کشمیر کے 70 پولیس اہلکاروں کو پریزیڈنٹ میڈل سے نوازا گیا تھا، جن میں دیویندر سنگھ بھی شامل تھے، تاہم جموں و کشمیر پولیس نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دیویندر سنگھ کو پریزیڈنٹ میڈل نہیں دیا گیا ہے۔ انہیں 2018 میں یوم آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر انتظامیہ نے شیر کشمیر میڈل سے نوازا تھا۔
دیویندر سنگھ اس سے پہلے بھی سرخیوں میں آئے تھے جب پارلیمنٹ حملے میں ملوث افضل گرو نے ایک خط کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ پولیس افسر نے انہیں پارلیمنٹ حملے کے لیے دہلی پہچانے اور وہاں رہنے کے انتظام کرنے کی بات کی تھی۔