سری نگر کے مضافاتی علاقہ علمگری بازار سے تعلق رکھنے والے ایک 35 سالہ نوجوان کی شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی ہے جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 9 ہوگئی ہے۔ تاہم یہ اب تک جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے سب سے کم عمر میں ہونے والی پہلی موت ہے۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے نوڈل افسر ڈاکٹر سلیم خان نے اس نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ '35 برس کے اس نوجوان کے والد کا سپر سپیشلٹی ہسپتال میں علاج جاری تھا اور یہ وہی اپنے والد کی دیکھ ریکھ کے لیے موجود تھا'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'رواں مہینے کی پانچ تاریخ کو اس نوجوان کو سری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) میں نمونیا کی شکایت کی وجہ سے بھرتی کیا گیا تھا۔ گزشتہ شب ان کی ہلاکت واقع ہوئی اور رات نو بجے انکی رپورٹ بھی مثبت پائی گئی۔'
ڈاکٹر خان کے مطابق نوجوان کی لاش ان کے گھر والوں کو آخری رسومات کے لئے سونپی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ متوفی نوجوان کی کوئی سفری تاریخ نہیں تھی اور وہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے روبرو واقع سوپر سپیشلٹی ہسپتال میں زیر علاج اپنے والد، جو سرطان میں مبتلا ہے، کی تیمارداری کررہے تھے۔
ان کو شک ہے کہ وفات ہوئے شخص کو یہ بیماری سپر سپیشلٹی ہاسپٹل کے کینسر وارڈ میں زیر علاج 55 سالہ خاتون اور ان کا 19 سالہ اٹینڈنٹ جو سرنکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں سے حاصل ہوئی ہے۔ چند روز قبل یہ خاتون اور انکا اٹینڈنٹ بھی کورونا وائرس سے مثبت پائے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متوفی نوجوان کو کووڈ 19 پروٹوکال کے مطابق چند رشتہ داروں اور ہیلتھ ورکرس کی موجودگی میں اپنے آبائی مقبرہ میں سپرد لحد کیا گیا۔
واضح رہے جموں و کشمیر میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 34 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور اس طرح مثبت معاملات کی کل تعداد 775 تک پہنچ گئی ہے۔