سرینگر (جموں و کشمیر): سیکریٹری محکمہ مالیات، حکومت ہند ڈاکٹر وویک جوشی نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ ’’بھارت جلد کیش لیس ایکانومی (معیشت) بن جائے گا۔‘‘ انہوں نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں قائم جموں و کشمیر بینک کے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں ’’روزگار اتسو‘‘ میں شرکت کے بعد وادی کے تاجرین سے ملاقات کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا: ’’جموں و کشمیر بینک یہاں کے کاشتکاروں اور ہنر کو فروغ دے رہا ہے یہ اچھی بات ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ یہاں جتنے بھی اسٹال ہیں اُن کے پاس QR کوڈ ہیں۔ اسی طرح آہستہ آہستہ (بھارت کیش لیس ایکونومی) ہوگا۔ یو پی آئی کی وجہ سے کافی پرگتی ہوئی ہے۔‘‘
جموں و کشمیر بینک کے مینیجنگ ڈائریکٹر بلدیو پرکاش کا کہنا تھا کہ ’’جی 20 کے بعد یہاں غیر ملکی سیاح آنے لگے ہیں۔ گزشتہ برس جموں کشمیر میں ایک کروڑ 88 لاکھ سیاح آئے تھے اس بار دو کروڑ سے زیادہ آئیں گے۔ آئندہ برس اپریل مہینے کے بعد ٹرین بھی شروع ہو جائے گی، جس سے ٹورزم میں کافی اضافہ ہوگا جس سے جموں و کشمیر کی معیشت بدل جائے گی۔‘‘
جوشی نے اتسو میں 13 سٹالز کا معائنہ کیا، ان اسٹالز میں وادی کے معروف دستکاری نمونے بشمول پشمینہ، چمڑے کی مصنوعات، کانگڑی اور مختلف مصالحہ جات نمائش کے طور پر سجائے گئے تھے۔ انہوں نے کاریگروں اور کاروباریوں کی ستائش کی۔ ان کاروباریوں میں ایک مقامی خاتون تاجر سمارٹی جی بھی شامل ہیں جس کی ستائش کی گئی۔ جسمانی طور ناخیز ہونے کے باوجود انہوں نے صدف نامی مصلاحہ جات کی ایک کمپنی شروع کی جس پر ان کی کافی ستائش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: 'کیش لیس نظام غیر منظم شعبے کے خلاف سازش'
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے، اسمارٹی جی نے کہا: ’’میں تب اسکول میں ہی تھی جب مجھے ایسا بخار ہوا کہ میری دونوں ٹانگوں نے کام کرنا بند کر دیا۔ میں نے ہمت نہیں ہاری اور صدف مصالحے کے نام سے مصالحہ جات فروخت کرنا شروع کیا۔‘‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ رشتہ ازدواج میں نہیں بندھی تاہم ان کے اہل خانہ نے ان کی کافی مدد کی اور حوصلہ بڑھایا جس کا یہ نتیجہ ہے کہ وہ نہ صرف خود کے لئے روزگار کما رہی ہیں بلکہ ان کی کمپنی میں دیگر افراد بھی کام کرکے اپنا روزگار کما رہے ہین۔‘‘