مشن ڈائرکٹوریٹ آف مڈ ڈے میل نے نیشنل ہیلتھ مشن کے تعاون سے پیر کو مڈ ڈے میل (ایم ڈی ایم) اسکیم کے تحت کشمیر ڈویژن کے سرکاری اسکولوں اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون میں طلبا کی ہیلتھ چیک اپ کی شروعات کی۔
یہ صحت چیک اپ جموں وکشمیر کے تمام سرکاری اسکولوں میں حال ہی میں شروع کیا گیا تھا تاکہ بچوں کی صحت کی جانکاری حاصل ہو۔ یہ چیک اپ اول سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کا کیا جا رہا ہے۔
ایڈمنسٹریٹو سکریٹری، محکمہ اسکول ایجوکیشن بی کے سنگھ نے مشن ڈائرکٹوریٹ آف مڈ ڈے میل کی تعریف کی اور کہا یہ ایک عمدہ قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اسکولوں میں داخلہ لینے والے بچوں کی صحت کا صحیح ریکارڈ برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشٹریہ بالسوستھا کاریاکرم کے ایک حصے کے طور پر نیشنل ہیلتھ مشن کے ساتھ مل کر تمام سرکاری اسکولوں میں آج تک 12.07 لاکھ ہیلتھ کارڈز تقسیم کردیئے گئے ہیں۔