سرینگر (جموں و کشمیر): جہاں تقریباً 20 روز سے اسرائیل اور حماس کے درمیان تصادم جاری ہے وہیں مشرق وسطیٰ کے حالات کے حوالہ سے جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں فوج کی 15 کور کے ہیڈ کوارٹر پر ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ایم کے ساہو کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ روز جموں و کشمیر میں کام کر رہی سیکورٹی ایجنسیز کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ سرینگر جت 15 کور ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوئی تاکہ مشرق وسطیٰ کے جاری بحران کے پس منظر میں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کو مربوط حکمت عملی تیار کی جا سکے۔‘‘
دفاعی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’میٹنگ کی صدارت جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر اور شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے کی۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال سے متعلق متعدد پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی جموں و کشمیر پولیس، چنار کور کے سی ڈی آر اور فوج، ریاستی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیز کے دیگر سینئر حکام نے میٹنگ میں شرکت کی۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور کیا گیا اور مختلف ہنگامی حالات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے مزید سردیوں کے موسم کے آغاز کے حوالے سے خطے میں سیکورٹی کی باریکیاں بھی زیر بحث آئیں۔‘‘
مزید پڑھیں: Israel Hamas War فلسطین کی حمایت میں احمدآباد میں احتجاجی مظاہرے
غور طلب ہے کہ رواں مہینے کی سات تاریخ کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد، اسرائیل نے غزہ پٹی پر کارروائی کی جس میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدہ افراد میں اچھی خاصی تعداد بچوں کی بھی ہے۔ وہیں اس پیش رفت کے بعد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں اسرائیل کے خلاف احتجاج ہوئے۔ جس کے بعد سرینگر انتظامیہ نے شہر کی تاریخی جامع مسجد میں گزشتہ دو ہفتوں سے نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ وہیں میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو بھی سماجی تقریبات میں شرکت کرنے سے روکا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔