سرینگر: آئندہ مہینے کی یکم تاریخ سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے دوران سرینگر جمّوں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے خالی گاڑیوں کو مغل روڈ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کشمیر کے صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ "شری امرناتھ جی یاترا 2023 کے پیش نظر اور قومی شاہراہ 44 کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس کے علاوہ، بے ترتیب موسم جس کی وجہ سے بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے واقعات ہوتے ہیں۔ پھلوں سے لدے ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور اسے ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔"
حکم نامے کے مطابق، پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی بلک گیس کے تمام ٹینکرز؛ تمام خالی ایل پی جی سلنڈر جو ٹرک لے جاتے ہیں؛ ایف سی آئی کی تمام خالی گاڑیاں اور کوئی بھی دوسری گاڑی جس میں 10 ٹائر ہوں جموں واپس آتے وقت صرف مغل روڈ استعمال کریں گی۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ "مندرجہ بالا حکم کے پیش نظر، آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ متعلقہ افراد کو فوری طور پر ہدایات پر عمل کرنے کے لیے تیار کیا جائے۔ مغل روڈ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھلا رہے گا۔ ان ہدایت کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے تعزیری کارروائی کی جا سکتی ہے۔"
واضح رہے کہ میوا کاشتکاروں اور میوے سے جڑے تاجروں کی اکثر شکایت رہتی تھی کہ کبھی قومی شاہراہ پر موسمی حالات اور کبھی ٹریفک جام تو کبھی امرناتھ یاترا کی وجہ سے اُن کے میوے ٹرکوں میں ہی خراب ہو جاتے تھے۔ جس وجہ سے اُن کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑتا تھا۔ امسال یاترا کی گاڑیوں کو جگہ اور میوے سے لدی گاڑیوں کو پہلے نکلنے کی اجازت کاشتکاروں کے لیے راحت کی سانس کی طرح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: