مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں جمعرات کے روز عسکریت پسند کمانڈر برہان وانی کی پانچویں برسی کا ملا جلا اثر دیکھا گیا۔ اگرچہ دکانیں بند ہیں اور عوامی ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے۔ وہیں نجی گاڑیاں اور عوام کی نقل و حرکت سڑکوں پر جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی علاقے میں حفاظتی اقدامات بڑھا دئے گئے ہیں۔
بتا دیں کہ سنہ 2016 کے جولائی مہینے کی آٹھ تاریخ کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقہ میں سکیورٹی فورسز نے ایک انکاؤنٹر کے دوران ہلاک کیا تھا جس کے بعد آج کے دن پوری وادی میں ہڑتال ہوا کرتی تھی۔ تمام تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے بند ہوتے تھے اور شہر کے کئی علاقہ جات میں پتھر بازی بھی ہوا کرتی تھی۔ تاہم گزشتہ چند برسوں سے پتھر بازی کے واقعات میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
اگرچہ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر امسال بھی اس کے حوالے سے دی گئی ہرتال کال کے کچھ پوسٹ وائرل ہوئے تھے۔ تاہم جموں و کشمیر پولیس نے ان سب پوسٹ کو فیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آج کے دن کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انٹرنیٹ خدمات معطل نہیں کی جائیں گی۔ تاہم سرویلنس بڑھا دی جائے گی۔"
یہ بھی پڑھیں:برہان وانی کی برسی پر انٹرنیٹ سروس بند نہیں کی جائے گی
قابل ذکر ہے کہ آج ہی کے دن گزشتہ برس بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما وسیم باری، ان کے والد اور بھائی کو بھی عسکریت پسندوں کی جانب سے ان کے گھر کے باہر بانڈی پورہ میں ہلاک کیا گیا تھا۔