جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ فرحان مجید کی بھی کہانی کچھ ایسی ہی ہے، فرحان مجید نے اپنے پائلٹ بننے کے خواب کو پورا کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ عزائم پختہ ہوں تو انسان کسی بھی حالات سے ڈٹ کر مقابلہ کرسکتا ہے اور اپنے ہدف کو بآسانی پاسکتا ہے۔
ایک سرکاری معلم کے گھر میں پیدا ہوئے فرحان مجید نے فضا میں سفر کرنے کا خواب بچپن میں دیکھا تھا جسے انہوں نے اپنی جہد مسلسل سے نہ صرف پورا کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بھی بنے۔
فرحان مجید نے اتراکھنڈ سے Global connect Aviation services پرائیوٹ لمیٹڈ سے کمرشیل پائلٹ بننے کی سند حاصل کرکے نہ صرف اپنا بلکہ اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کا بھی نام روشن کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں فرحان مجید نے بتایا کہ' ان کے گھر کے نزدیک ایئرفورس کا ایک ہوائی اڈہ ہے، بچپن سے ہی اپنے گھر والوں کے ساتھ وہ جہازوں کو اڑتے دیکھا کرتے تھے تبھی سے میرے دل میں یہ خیال آیا کرتا تھا کہ کب وہ وقت آئے گا کہ میں بھی پائلٹ بن کر جہاز اڑاؤں گا۔
انہوں نے بتا یا کہ بارہویں جماعت کے امتحانات پاس کرنے کے بعد میں نے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کی اور اس حوالے سے انٹرنیٹ سے میں نے کافی معلومات حاصل کرتا رہا اور پھر اتراکھنڈ کے Global connect Aviation services میں پائلٹ بننے کے لیے داخلہ حاصل کیا۔ اس دوران مجھے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ویریفکیشن کے عمل میں خاصا سپورٹ ملا اور بالآخر کمرشیل پائلٹ بننے کا میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
فرحان مجید نے بتایا کہ' جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے ان نوجوانوں کو بس ایک صحیح نہج دینے سے ان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ' جموں و کشمیر میں مسلسل انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے یہاں کے نوجوانوں کو پڑھائی میں کافی مشکلات کا سامنا ہے اور اتراکھنڈ سے واپسی پر انہیں میل و دیگر کام کرنے میں بھی کافی مشکلات کا سامنا رہا۔
فرحان کے مطابق موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے رول کو نطر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے، کیونکہ یہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے سماجی دوریوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔فرحان مجید کے مطابق نوجوان نسل کو اپنے اہداف کے حصول کے لیے محنت کرنی چاہیے، کیونکہ 'محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے'۔
مزید پڑھیں: کشمیری سائنس داں کو امریکی ایجنسی نےایوارڈ سے سرفراز کیا
فرحان مجید کے والد کے- عبدالمجید کے مطابق وہ ہر وقت اپنے بچے کو کچھ مختلف کرنے کی نصیحت کرتے تھے اور فرحان مجید نے وہ کر دکھایا جو کہ ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ عبدالمجیید نے کہا کہ' سبھی والدین کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنے بچوں کی خواہشات کا بھی احترام کریں۔