سرینگر (جموں کشمیر) : سرینگر سمیت وادی کشمیر کے طول و ارض میں خلیفہ اول، یارِ غار حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا عرس مبارک نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ خلیفہ اول کے عرس مبارک کے موقع پر حسب سابق کشمیر وادی میں سب سے بڑی تقریب سرینگر کے درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں نماز پنجگانہ کے بعد زائرین موئے مقدس ﷺ کے دیدوار سے فیضیاب ہوئے۔
حضرت ابوبکر صدیق (رض) کے عرس مبارک کے موقع پر وادی کی درگاہوں، خانقاہوں، مساجد و بقعہ جات میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔ درود و اذکار اور نعت و منقبت کی محافل بھی آراستہ ہوئیں۔ شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں بھی ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص)، محبین خلفاء راشدین موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و زن نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: URS Baba Jalali in Tral: بابا یوسف جلالیؒ کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
ادھر، آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ شوپیاں، جناب صاحب صورہ ، تاریخی جامع مسجد سری نگر، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف، حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدومی(رح) المعروف مخدوم صاحب سرینگر سمیت دیگر عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ انتظامیہ نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کی غرض سے تمام تر انتظامات کئے تھے جن میں بلاخلل بجلی، پینے کا صاف پانی، ٹرانسپورٹ، صحت و صفائی کے علاوہ دیگر سہولیات بہم رکھی تھی۔ عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لیجانے کے لئے خصوصی گاڑیاں بھی دستیاب رکھی گئی تھیں۔