دہلی: مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج جموں و کشمیر کے دو روزہ دورہ پر جارہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیر دفاع ایل او سی کا بھی دورہ کریں گے اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
وزیر دفاع نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ، 16 جون کو جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر جاؤں گا۔ اس دوران ایل او سی کے فارورڈ علاقوں کا دورہ بھی کروں گا جہاں فوجی اہلکاروں سے پات چیت ہوگی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 17 جون بروز جمعہ جموں میں مہاراجہ گلاب سنگھ کی 200 ویں سالگرہ کی ’راجیہ بھیشیک تقریب‘ میں شرکت کروں گا۔
بتادیں کہ وزارت دفاع کے ایک سینئر آفیسر نے گذشتہ روز ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "امرناتھ یاترا اور خطے میں ڈرونز کے ذریعے عسکریت پسندوں کو اسلحہ پہنچائے جانے اور عسکریت پسندوں کی بڑھتی کوششوں کے درمیان وزیر دفاع کا جموں و کشمیر کا دو روزہ دورہ متوقع ہے Rajnath Singh to Visit Jammu and Kashmir۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "وہ یہاں زمینی صورتِحال کا جائزہ لیں گے اور مقامی افسران کے ساتھ اجلاس بھی کر سکتے ہیں جس میں فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے بھی ان کے ساتھ دورے پر ہوں گے۔"
آفسر کا کہنا تھا کہ "ابھی ان کے دورے کی تفصیلات آپ کو نہیں بتا سکتا۔ امید ہے کہ وہ تمام عسکریت پسندی مخالف کارروائیوں کے حوالے سے جانکاری حاصل کرنے والے ہیں اور جموں کے سرحدی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔"