تقریباً 25 ارکان پر مشتمل یورپی وفد آج سے جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہے۔ غیر ملکی سفارتکاروں کے وادی کشمیر کے دورے کے دوران بڈگام سے نیشنل کانفرنس کے ڈی ڈی سی ممبران نے دعویٰ کیا کہ 'انہیں انتظامیہ نے تین دنوں سے نظر بند کر رکھا ہے، انہیں غیر ملکی سفارتکاروں سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ' انتظامیہ کے اس رویہ سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ انتظامیہ اپنے پسندیدہ لوگوں کو ہی وفد سے ملنے کی اجازت دے رہا ہے'۔
واضح رہے کہ قریب 25 ارکان پر مشتمل ایک یورپی وفد آج سے جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہے۔ اس وفد نے جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر پہنچ کر بڈگام کے ماگام علاقے کا دورہ کیا۔
غیر ملکی سفارتکاروں کا ضلع بڈگام میں کشمیری روایت کے مطابق استقبال کیا گیا۔ اس وفد نے ضلع بڈگام کے ماگام بلاک کا دورہ کیا جہاں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئرمین نذیر احمد خان اور دیگر پنچایت نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: غیرملکی سفارتکار جموں و کشمیر کے دورے پر، پَل پَل کے اپڈیٹس
اس کے بعد نظیر خان نے بھی سفیروں سے خطاب کیا۔ غیر ملکی سفارتکاروں کو پنچایتی راج اور بیک ٹو ولیج پروگرام اور بلاک کے ذریعے شکایات کے ازالے کے بارے میں بتایا گیا۔ اس دوران یہ وضاحت کی گئی کہ کس طرح انتظامیہ لوگوں کی دہلیز تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے۔