جموں و کشمیر میں آج کورونا نے مزید چار مریضوں کی جان لی، جس سے مرکزی علاقے میں اموات کی تعداد 292 ہوگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فوت شدہ چار مریضوں میں صدربل سرینگر کا ایک 75 سالہ شخص، مہاراج گنج سرینگر کا 65 سالہ شخص، ملکھ ناگ اننت ناگ کی 65 سالہ خاتون اور جموں سے 58 سالہ آئی آر پی اہلکار شامل ہیں۔
سکمز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 08 جولائی کو صدربل کے ایک مریض کو متعدد بیماریوں کے ساتھ داخل کرایا گیا تھا اور جمعہ کی صبح اس کی موت ہوگئی۔
ایس ایم ایچ ایس کے ذرائع نے بتایا کہ مہاراج گنج کا ایک 65 سالہ مریض، جو اس وقت کرالٹنگ راجوری کدل میں رہتا ہے کا انتقال ہوگیا۔ مذکورہ مریض کو 20 جولائی کو نمونیا کے ساتھ داخل کرایا گیا تھا اور اس کا 22 جولائی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
جی ایم سی اننت ناگ کے ایک صحت اہلکار نے بتایا کہ ملکھ ناگ اننت ناگ کی ایک 65 سالہ خاتون جسے 22 جولائی کو داخل کیا گیا تھا جمعہ کی صبح جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ مریض ہائی بلڈ پریشر، نمونیا اور دیگر امراض میں مبتلا تھی۔
حکام کے مطابق کووڈ-19 کی وجہ سے چوتھی موت جی ایم سی جموں میں ہوئی جہاں 58 سالہ آئی آر پی (انڈین ریزرو پولیس) اہلکار کا انتقال ہوگیا۔
واضح رہے کہ ان چار اموات کے ساتھ جموں و کشمیر میں اس وائرس سے اموات کی کل تعداد 292 ہوگئی ہے جس میں کشمیر صوبے سے 271 اور جموں صوبے سے 21 افراد شامل ہیں۔