جموں وکشمیر کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے نتائج منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں نے ضلع سطح پر کونسل بنانے کا دعویٰ شروع کردیا، جس میں نیشنل کانفرنس گپکار ڈکلیریشن کے دستخط کنندان جماعتوں کی حمایت کے ساتھ کونسل بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
وہیں انڈین نیشنل کانگریس کے چیف سپوک پرسن رویندر شرما نے ای ٹی وی بہارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گپکار ڈکلیریشن کا ساتھ دیا تھا، تاہم اب ان کو مزید حمایت دینے کے لئے کانگریس ہائی کمان فیصلہ کرے گا۔ دراصل ڈی ڈی سی انتخابات آٹھ مراحل میں مکمل ہوئے جبکہ ووٹوں کی گنتی 22 دسمبر کو ہوئی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق گپکار اتحاد 110 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ بی جے پی نے 75 نشستیں حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑی پارٹی کا درجہ حاصل کیا ہے۔ 22 دسمبر کو رات دیر گئے تک 278 نشستوں کے نتائج جاری کئے گئے جبکہ دو نشستوں پر ووٹوں کی گنتی روک دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ڈی سی انتخابات: کشمیر میں بی جے پی تین سیٹیوں پر کامیاب
ڈی ڈی سی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے بھی بہتر مظاہرہ کیا، انہیں 50 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور کانگریس نے 26 سیٹوں پر قبضہ جمایا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی نے پہلی مرتبہ وادی کی تین نشستیں حاصل کی ہیں۔
جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے انتخابات میں ناقص مظاہرہ کیا ہے، اسے صرف 12 نشستیں ہی حاصل ہوئی ہیں جبکہ پی ڈی ایف اور پینتھرز پارٹی نے دو دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے نیز بی ایس پی نے ایک سیٹ پر جیت درج کی ہے۔