وادی میں پیر کے روز مطلع صاف رہنے کے باعث دن بھر ہلکی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔
ادھر محمکہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں موسم 29 دسمبر تک خشک رہنے کی توقع ہے تاہم وادی میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جارہا ہے۔
سرینگر کے تاریخی لالچوک میں واقع پرتاب پارک میں پیر کی دوپہر کو ہلکی دھوپ سے لطف اندوز ہورہے ادھیڑ عمر کے لوگوں کے ایک گروپ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ چلہ کلان میں ہلکی ہی سہی دھوپ کا نمودار ہونا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا: 'چلہ کلان جو سخت ترین سردیوں کے لئے وادی میں مشہور ہے، میں ہلکی دھوپ نکلنا بہت بڑی بات ہے بلکہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے کیونکہ اس میں سردی کے پیش نظر لوگ گھروں سے باہر نکل نہیں پارہے تھے لیکن آج چہ کلان کا تیسرا دن ہے اور ہلکی دھوپ چھائی ہوئی ہے ہم اولین فرصت میں اس سے لطف اندوز ہونے کو غنیمت سمجھا'۔
محمد یاسین نامی ایک شہری نے کہا کہ چلہ کلان سے قبل موسمی حالات نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے تاہم چلہ کلان فی الوقت خاموش ہی ہے۔
انہوں نے کہا: 'یہاں لوگوں کو چلہ کلان سے قبل ہی موسمی حالات نے پریشان کردیا ہے لیکن چلہ کلان فی الوقت خاموش ہی ہے اور لوگ دعا کررہے ہیں کہ چلہ کلان خاموش ہی رہے اگر اس نے اپنے تیور دکھائے تو لوگوں کا جینا حرام ہوجائے گا'۔
محمد یاسین نے کہا کہ چلہ کلان شاید اپنے پہلے ہفتے کے دوران لوگوں کے ساتھ نرم سلوک ہی روا رکھے گا اور بعد میں کیا ہوگا اس پر کچھ کہنا تو قبل از وقت ہی ہوگا تاہم اس کو بھی اپنے زور بازو کا مظاہرہ کرکے اپنی شان اور پہچان کو باور کرنا ہی ہوگا'۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں لوگ چلہ کلان کا نام سن کر ہی سردی کی ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے اولین فرصت میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہیں۔ جہاں ایک طرف سوکھی سبزیوں کو سٹور کیا جاتا ہے وہیں کوئلہ، گانگڑیوں اور گرم ملبوسات کی خریداری قبل از وقت ہی ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائی جاتی ہے۔
دریں اثنا کشمیر کے دارالخلافہ سرینگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔