’’جموں وکشمیر کے تعلیمی شعبے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنسز (KIE) ایک خصوصی اسکالر شپ اسکیم کے تحت جموں وکشمیر کے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے 525 طلباء کے لیے مفت کوچنگ سہولیات فراہم کرے گا، تاکہ غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے اور ہونہار بچوں کو مفت کوچنگ فراہم کی جاسکے جو پڑھائی کے اعتبار سے قابل تو ہیں لیکن مالی لحاظ سے کمزور ہونے کی وجہ سے ان کے والدین کوچنگ کا خرچہ برداشت نہیں کرپاتے۔‘‘
ان باتوں کا اظہار وادیٔ کشمیر کے ایک معروف کوچنگ انسٹی ٹیوٹ ’کائی‘ کے چیئرمین خورشید عالم نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’کائی‘ نویں سے لے کر بارہویں جماعت کے طلباء کی خاطر کوچنگ میں داخلہ حاصل کرنے کی غرض سے میگا اسکالرشپ امتحان منعقد کرنے جارہا ہے تاکہ ان غریب اور متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے ہونہار اور قبل بچوں کو داخلہ مل سکے۔
’کائی‘ کے چیئرمین نے کہا کہ ’’مفت کوچنگ کے لیے مذکورہ خاص اسکالرشپ اسکیم کے تحت نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک الگ الگ سیٹیں مخصوص رکھی گئی ہیں۔ جن میں نیٹ اور جے ای ای امتحانات کے لیے تیاری کرنے والے طلباء کے لئے 175 سیٹیں مخصوص رکھی گئی ہیں۔ گیارہویں جماعت کے لیے 150، نویں اور دسویں جماعت کے طلباء کے لیے بالترتیب 25 نشستیں مفت کوچنگ کے لیے مخصوص ہیں، وہیں سماج کے نہایت غریب بچوں کی کوچنگ کے لیے 10 فیصد حصہ مخصوص رکھا گیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: احمد آباد کالوپور ریلوے اسٹیشن دھماکے کا ملزم گرفتار
پریس کانفرنس کے دوران کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنسز کے منتظمین نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آن لائن یا آف لائن، تعلیمی مواد یا طلباء کی دیگر رہبری اور رہنمائی کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔ وہیں چیئرمین نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ، سرکاری اسکول کے بچوں کو آن لائن طریقہ کار کے ذریعے پڑھانے میں بھی تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر: سماج میں پنپ رہی برائیوں کے خلاف آگاہی پروگرام
پریس کانفرنس کے دوران پرائیویٹ اسکول ایجوکیشن کے صدر جی این وار نے کہا کہ طلباء کے مستقبل کے حوالے سے اس طرح کے مثبت اقدامات اٹھانے والے تعلیمی اداروں کے کام کو سراہنے کے ضرورت ہے۔