دراصل افریقی ملک 'مالی' کے ایک مسئلہ پر بند کمرہ میں ایک اجلاس بلایا گیا تھا اور اس دوران چین نے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کو مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حثیت کو ختم کر کے ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا۔
چین نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ چین کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ چین اور بھارت کو ایسے 'یکطرفہ فیصلے' کرنے سے گریز کرنا چاہیے جن سے خطے میں کشیدگی پیدا ہو۔
دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بدھ کے روز چین کی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کی یہ تیسری کوشش تھی۔
چین نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ پر بھی میٹنگ طلب کی جانی چاہیے۔
وہیں امریکہ اور فرانس نے چین کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے کے لیے مناسب فورم نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق فرانس نے کہا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین دو طرفہ مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سنہ 1965 کے بعد پہلی مرتبہ سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کے 15 اراکین نے بند کمرے کے اجلاس کے دوران کشمیر کے مسئلے پر بحث کی تھی۔چین نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو پہلے ہی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا تھا۔
چین نے گزشتہ برس دسمبر میں کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی اپیل کی تھی، جسے بعد میں منسوخ کیا گیا۔