نئی دہلی: بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل پنکج کمار سنگھ نے سرحد پار سے ڈرون کی دراندازی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں فورس کے چوکس اہلکاروں نے 16 ڈرون کو مار گرایا ہے۔ سنگھ نے بارڈر سیکورٹی فورس کے یوم تاسیس سے ایک دن قبل بدھ کو یہاں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورس کے تیار اہلکاروں نے گزشتہ ایک سال میں مختلف سرحدی علاقوں میں 16 دراندازی کرنے والے ڈرون کو مار گرایا ہے۔BSF shoots down Pakistani drone
انہوں نے کہا کہ ڈرون کے ذریعے دراندازی ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے کوئی ٹھوس اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی نہیں ہے تاہم اسے تیار کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارے گئے ڈرون کی چپ کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور اس کی پرواز کے راستے کا پتہ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
سنگھ نے کہا کہ موجودہ سال میں 20 سیکورٹی اہلکاروں نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ اس سال فورس کے اہلکاروں کو 125 تمغوں سے نوازا گیا ہے جس میں دو کیرتی چکر، 21 بہادری کے تمغے، امتیازی خدمات کے لئے 10 صدر کے پولیس تمغے اور شاندار خدمات کے لیے 92 پولیس تمغے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فورس نے رواں سال 31 اکتوبر تک مجموعی طور پر 26 لاکھ 469 کلو گرام منشیات ضبط کی۔ اس کے علاوہ 20 لاکھ 33 ہزار 200 روپے کی جعلی کرنسی بھی پکڑی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ متعدد کارروائیوں میں 72 مختلف اقسام کے ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے۔ بارڈر سیکیورٹی فورس 6386 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کرتی ہے۔
یو این آئی